نئی دہلی:05 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) ہندوستانی خلائی تحقیق کا تنظیم اسرو نے اس سال سے اسکولی بچوں کے لئے ایک خصوصی پروگرام کا آغاز کیا ہے۔اس پروگرام کو ینگ سائنٹسٹ پروگرا م کو’’یوا وگیانی کاریہ کرم‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔اس پروگرام کا اہم مقصد خلائی سرگرمیوں کے ابھرتے ہوئے شعبوں میں نوجوان سائنسدانوں میں ایک دلچسپی پیداکرنے کے ارادے سے ان جوانوں کو خلائی ٹکنالوجی ، خلائی سائنس اور خلائی ایپلی کیشن کی بنیادی معلومات سے واقف کرانا ہے۔ اسرو نے یہ پروگرام اس لئے وضع کیا ہے تاکہ ان نوجوان سائنسدانوں کو راغب کیا جاسکے۔گرمیوں کی چھٹی کے دوران تقریباََ دو ہفتہ کا ایک رہائشی،تربیتی پروگرام منعقد ہوگا اور یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ ہر ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقے سے تین تین طلبا کا انتخاب کیا جائے تاکہ وہ ہرسال اس پروگرام میں شرکت کرسکیں ۔ اس پروگرام میں سی بی ایس ای، آئی سی ایس ای اور ریاستی سلیبس کا احاطہ کیا جائے گا۔ جن طلبا نے آٹھویں کلاس پاس کرلی ہے اور نویں کلاس میں پڑھ رہے ہیں ایسے طلبا اس پروگرام کے اہل ہوں گے۔اسرو نے متعلقہ ریاستوں کے چیف سکریٹریوں / مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے منتظمین سے رجوع کیا ہے تاکہ وہ اپنی اپنی ریاست اور متعلقہ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے تین تین طلبا کے سلیکشن کے لئے نام بھیج سکیں اور اس فہرست کو اسرو کو بھیجا جاسکے اور اس کے بارے میں مطلع کیا جاسکے ۔طلبا کا سلیکشن تعلیمی کارکردگی اور نصاب کے علاوہ دیگر سرگرمیوں پر مبنی ہوگا، جو ریاستوں کے چیف سکریٹریوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے منتظمین کو پہلے ہی سلیکشن کے ضابطے میں واضح طور پر بتادیا گیا ہے۔